انھی(اندھیر )

0
65
عامر بیگ

سنتے آئے ہیں نام شخصیت پر اچھا یا برا اثر ڈالتے ہیں غور کریں تو نوے دن کے لیے آئے ہوئے ضیا الحق دس سال تک اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انھی ڈالتے رہے اب نوے دن کے لیے آئے ہوئے انوار الحق کہ جن کے نام کامطلب بھی ضیا الحق سے ملتا جلتا ہی ہے ضیا کا مطلب بھی روشنی اور انوار کا مطلب بھی تجلی یا روشنی کے معنی میں ہی لیا جاتا ہے ساتھ میں دونوں حق بھی ہیں حق بات تو یہ ہے کہ ضیا الحق عمر کے آخری حصے تک پاکستان کو اپنے بنائے ہوئے حق کی ضیا سے چکا چوند فرماتے رہے انوار الحق نوجوان ہے دیکھتے ہیں کہ یہ کتنے سال تک ماہ منیر کی تجلیات سے ملک پاکستان کو منور فرماتے ہیں۔ ضیا الحق چیف آف دی آرمی سٹاف تھے جنہیں بھٹو نے آرمی چیف بنایا تھا انوار الحق چیف آف آرمی سٹاف جنرل وحید کاکڑکے چھوٹے بھائی ہیں جن کے ہاتھ ملک کی بھاگ دوڑ تھما دی گئی ہے اصل میں تو ملک چلانے والے کوئی اور ہیں جن کو جس بے دردی سے عمران خان نے بے نقاب کیا ہے شاید اس سے پہلے کسی نہ کیا ہوگا ملک چلانے والوں نے سابق آمروں کی طرح چیف آف آرمی سٹاف کو ملک کا چیف ایگزیکٹیو بنانے کی بجائے اس دفعہ ایک سابق چیف کے چھوٹے بھائی کو ملک کا چیف ایگزیکٹو بنا دیا ہے وجہ شاید یہ ہو کہ خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے آرمی میں ایسی روایات نہیں کہ بڑے بھائی کی جگہ چھوٹے بھائی کو ڈائریکٹ ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھا دیا جائے یہ رجحان صرف سیاست میں چلتا ہے اس رجحان کو اس دفعہ غیر سیاسی ملکی اسٹیبلشمنٹ نے استعمال کیا ہے۔ کہا جاتا تھا کہ کاکڑ فارمولے نے ایک تیر سے دو شکار کئے تھے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف اور صدر غلام اسحاق خان کی چھٹی کروائی تھی اب اسی فارمولے کے تحت سب کی چھٹی کروا کر کے جنرل کاکڑ کے چھوٹے بھائی کو ملک کا چیف ایگزیکٹوبنا دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ تجربات کر کے نئے نئے فارمولے بنانے میں مشہور ہے دیکھتے ہیں کہ یہ نیا فارمولا کتنا کامیاب ہوتا ہے ملک پہلے ہی غربت، ناانصافی، بے سکونی اور جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے انوار الحق مزید انھی ڈالتے ہیں یا ان اندھیروں کو کم کرتے ہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا پر مجھے تو الیکشن وقت کے مطابق نوے دن میں ہوتے نظر نہیں آتے ۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here