اظہار تعزیت کا شکریہ!!!

0
165
Dr-sakhawat-hussain-sindralvi
ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی

میرے چھوٹے خالہ زاد بھائی ، میری چھوٹی بہن کے شوہر،اور میری اہلیہ کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر ملک فتح خان 13 جنوری ہفتہ کے روز ہمیں داغ مفارقت دے گئے ۔ جس طرح میرے دوست احباب نے تعزیت کی ، المہدی سینٹر میں قرآن خوانی،فاتحہ خوانی،مجلس میں پہنچے ۔ سوشل میڈیا پر میسجز آئے ۔ تعزیتی پیغام آئے ۔ قائد محترم سے لیکر کارکن تک ، رہبر سے لیکر رہنما تک،اپنوں سے لیکر پرائوں تک سب نے تعزیت کی ۔ میں تہہ دل سے ان سب احباب کا شکر گزار ہوں ۔ سندرال میں بہت ہی بڑا جنازہ ہوا ۔ بہت ہی بڑا سوئم ہوا ۔ نیویارک، فلاڈیلفیا، نیو جرسی کے بھائی بہن جس طرح فاتحہ میں آئے میں بے حد شکر گزار ہوں۔ شیعہ اور سنی مسلمانوں کے ساتھ اہل کتاب نے بھی تعزیت کی ۔ مرنے والا تو واپس نہیں آتاہے، رہنے والوں کے زخم ضرور مندمل ہو جاتے ہیں ۔ یہ حکم شریعت بھی ہے ، رسم دنیا بھی ہے، رواداری بھی ہے واضع داری بھی ہے ۔ حضور ۖ کی حدیث ہے، اپنے اپنے مرحومین کو خیر سے یاد رکھو ۔ مجھے یاد ہے جب ہم بچے تھے تو سیاسی مخالف بھی ایک دوسرے کی فاتحہ خوانیوں میں بھی چلے جاتے تھے ۔ مجھے جنازے اٹھاتے، پڑھتے، دفن کرتے آدھی صدی سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے ۔ ایک ایک دن میں بارہ بارہ جنازے اٹھائے ہیں ۔ کوشش کی ہے ہر مومن مسلمان کے جنازے تدفین اور فاتحہ خوانی میں شرکت کرتا ہوں ۔ ہزاروں جنازے پڑھائے کبھی ہدیہ نہیں لیا اگر کسی نے زبردستی دے دیا تو غریبوں کو دے دیا ۔ ہم نے یہی سیکھا ہے شریعت سے بزرگوں سے ،ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا چاہئے ۔ اسلئے اسلام میں خیر خواہی کا بڑا ذکر ہے ۔ حضور پاکۖ نے فرمایا الدین النصیحہ ! دین خیر خواہی کا نام ہے۔
میرے چھوٹے بھائی کی وفات 15 مئی 2023 کو ہوئی ۔ تب بھی اہلیان امریکہ نے بڑی محبت فرمائی ۔ امریکہ میں قیام کے دوران میرے والد، نانی، خوش دامن ، ایک اور برادر نسبتی ، چھوٹی بہن دونوں چچا، دونوں پھوپھیاں ، دو ماموں، ممانی ، ہم زلف ، اور کم و بیش تیس کزن اور سو سے زیادہ مزید قریبی رشتہ دار چل بسے ۔ مگر تعزیت والے بھائی بہنوں نے غم کا احساس ہی نہیں ہونے دیا تاہم آہستہ آہستہ چند احباب کی بے وفائی کا احساس تب ہوا جب ہم نے دیکھا کہ جنکے ہر دکھ درد میں ہر وقت شامل رہے انہوں نے ایک جملہ تعزیت لکھنے یا ایک فری کال کرنے یا ایک میسج لکھنے چھوڑنے کی زحمت نہ فرمائی اللہ انہیں خوش وآباد رکھے!
زمانہ طالبعلمی میں بیت بازی کا ایک شعر یاد آگیا!
میری نماز جنازہ پڑھی ہے غیروں نے
مرے تھے جن کیلئے وہ رہے وضو کرتے
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here