یہ کس قدر حسین روز ہوتے تھے، آئین اور قانون کو ہم اپنی منشا کے مطابق زبردستی بولنے پر مجبور کرتے تھے، کیا ہی سنہرا دور تھا جب ہماری ہر بات کو سر آنکھوں پر رکھا جاتا تھا، جس کو چاہتے تھے اسے نشان عبرت بنا دیتے تھے، عدالتوں سے لے کر اسٹیبلشمنٹ تک ہمارے ناز نخرے اٹھایا کرتی تھی، اس وقت اپوزیشن جماعتیں ہمیں لاڈلے کے نام سے پکارا کرتی تھیں۔ مرحوم مشاہد اللہ کے شعر اور افکار ہم ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دیتے تھے، ہماری مشہوری کے لیے ایک ایسی ٹیم جو تیار کر کے دی گئی جو ہماری خواہشات کے مطابق دن کو رات اور رات کو دن بنا دینے کے لیے خون پسینہ ایک کر دیتے تھے۔۔۔۔۔ مگر پھر کیا ہوا۔۔۔ ہماری پوری ٹیم کو ہی ناک آئوٹ کر دیا گیا۔۔۔۔ میدان تو میدان ،،،،،ہم سے ہمارا انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا۔ ہم نے تو صرف اے سی اتارنے اور جیلوں میں بھرنے کی صرف دھمکیاں دی تھیں،،،، ہماری دھمکی کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اسٹیبلشمنٹ اپنا زور لگاتی تھی،،، مگر خدا جانے کیوں پھر بھی یہ کمبخت کسی نہ کسی طرح بچ نکلے۔۔۔۔۔ 2018 کے انتخابات میں ہم حیرانگی سے ایک دوسرے کی شکل دیکھتے ہوئے سوال پوچھ رہے تھے کہ تم کیسے جیت گئے، تو سبھی کا خوشی سے پھولے نہ سمائے ہوئے ایک ہی جواب ہوتا تھا کہ جیسے تم جیتے۔۔۔ ہماری پاور کا یہ عالم تھا کہ پنجاب اور سینٹ میں ڈنڈے کے زور پر اپنی حکومت بھی بنائی،،، ہائے ہمارے عروج کو زوال کس طرح آگیا۔۔۔۔
حافظ اور قاضی کو کونے لگانے کی بھی ہم نے بھرپور کوشش کی،، ہم جانتے تھے کہ اگر ان کو کونے نہ لگایا تو ہم کونے لگ جائیں گے،،،،
ہمارے حافظ اور قاضی نے ہمارا بھرپور ساتھ بھی دیا مگر پھر بھی قسمت ان کو بچا لے گئی۔۔۔۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما آج کل اسی سوچ میں ضرور ڈوبے ہوئے ہوں گے۔۔۔ کیونکہ پاکستان میں صورتحال یکسر تبدیل ہو چکی ہے۔۔۔ منصب اور سازشیں وہی ہیں مگر کردار بدل چکے ہیں۔
افسوس ضرور ہوتا ہے کہ پاکستان میں سیاسی بحران کے باعث عام ادمی کا جینا دشوار ہوتا جا رہا ہے مگر سچ یہی ہے کہ ماضی کی حکمران جماعت نے اپنے دور میں کم ظرفی کی ہر حد کو پار کر دیا تھا، کم ظرفی کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے بس جن کوناک آئوٹ کرنا مقصود تھا انہوں نے خود کو کسی نہ کسی طرح بچا کر ناک آئوٹ کرنے والوں کو ناک آئوٹ کر دیا۔۔۔ ثاقب نثار اور آصف کھوسہ، قمر باجوہ اور فیض حمید اپنی ناک بچا کر کب کے روپوش ہو چکے مگر اپنی ٹیم کو ناک آئوٹ ہونے سے نہ بچا سکے۔
٭٭٭