نمل یونیورسٹی فنڈریزنگ ڈنر!!!

0
41
شمیم سیّد
شمیم سیّد

ویسے تو عمران خان نے شوکت خانم کینسر ہسپتال جن حالات میں تعمیر کیا وہ سب کے سامنے ہے لیکن اس کے باوجود اس شخص میں جو حوصلہ اوار ہمت ہے وہ بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔ 2005ء میں عمران خان نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کیلئے ایک ایسے کالج و یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائے جس سے ہمارے نوجوان اچھی تعلیم سے بہرہ ور ہو کر اپنے ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں اور 2008ء میں عمران خان نے نمل کالج کی بنیاد ڈال دی جس میں کمیونٹی نے اور ڈونرز نے عمران خان کابھرپور ساتھ دیا۔ نمل یونیورسٹی ایک پرائیوٹ ادارہ ہے، جو میانوالی کے خوبصورت علاقہ میں واقع ہے یہ ادارہ کالج آف یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ یو کے سے منسلک ہوا۔ 2019ء میں اس کالج کو ڈگری ایواڈنگ انسٹی ٹیوٹ کا درجہ مل گیا اور یہ نمل انسٹی ٹیوٹ ہوگیا۔ عمران خان اس یونیورسٹی کے چیئرمین ہیں۔ نمل کے معنی ہیں قیمتی زمین، جس کی کوئی قیمت نہیں دے سکتا۔ نمل یونیورسٹی میں اسکالر شپ کی بنیاد پر داخلہ دیا جاتا ہے اور یہ پاکستان کا ایک بہترین ادارہ ہے جہاں پر غریب طلباء اپنی قابلیت کی بناء پر داخلہ لیتے ہیں اور دنیا بھر سے لوگ اس یونیورسٹی کو سپورٹ کرتے ہیں تاکہ ہمارے ملک میں تعلیم کا معیار بلند ہو سکے اسی سلسلے میں امریکہ میں فنڈریزنگ کی جا رہی ہے تاکہ یونیورسٹی میں زیادہ سے زیادہ طلباء کو داخلہ مل سکے۔ ڈیلاس آسٹن کے بعد ہیوسٹن میں بھی فنڈریزنگ کا اہتمام کیا گیا اس سے پہلے بھی نمل یونیورسٹی کی فنڈریزنگ ہوتی رہی ہیں لیکن اس دفعہ وہ بات نظر نہیں آئی اور بڑے بڑے ڈونرز جو ہمیشہ موجود ہوتے تھے شاید بیچارے کسی خوف کا شکار ہو گئے ہیں کہ اگر عمران خان کے اس کام کیلئے کچھ دیا تو پاکستان میں ان پر زندگی تنگ کر دی جائیگی کیونکہ عمران خان کے بارے میں بھی کچھ پتہ نہیں ہے کہ اس کیساتھ کیا ہوگا؟ سجاد برکی جو پی ٹی آئی میں برسا برس سے کام کر رہے ہیں اپنے دوستوں کی مدد سے اسکالرشپ فنڈریزنگ کا اہتمام کیا۔ تقریب کا آغاز تاخیر سے ہوا۔ ایک بچے نے جس طرح تلاوت کلام پاک کی اللہ تعالیٰ اس کو نظر بد سے بچاکر رکھے۔ ڈاکٹر فیاض فیض ہمیشہ سے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے فنڈریزنگ میں پیش پیش رہتے ہیں ان کو اسٹیج پر بلایا گیا انہوں نے صرف 2 منٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اجازت چاہی۔ سجاد برکی نے نمل یونیورسٹی کے بارے میں کچھ تفصیلات اور اپنے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جو ہمیشہ سے ان کو سپورٹ کرتے آرہے ہیں اب باری تھی ایک خوبصورت اداکار، ڈائریکٹر، خوش لباس پورے ہال میں وہ ایک الگ ہی نظر آرہا تھا اور وہ تھا ہمارے ملک کا خُوبرو اداکار عمیر رانا جس نے اپنی اداکاری کے جوہرحال ہی میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرنیوالی سیریل عشق مرشد میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر لوہا منوالیا۔ ہر طرف سے ان کیساتھ تصویریں بنائی جا رہی تھیں اور وہ بڑی خندہ پیشانی سے تصویریں بنوا رہے تھے۔ وہ اسٹیج پر آئے اور اپنی خوبصورت باتوں سے نمل یونیورسٹی کے بارے میں دستاویزی ڈاکو مینٹری چلائی اور لوگوں سے نمل یونیورسٹی کو فنڈز دینے پر اپنے حصے کا فرض ادا کرنے کو کہا۔ ان کے بعد پاکستان کا بڑا نام صحافی وجاہت سعید خان جو عمران خان پر تنقید بھی کرتے رہے ہیں لیکن نمل یونیورسٹی کے کاز کی بھرپور حمایت کیلئے وہ ہیوسٹن تشریف لائے۔ وہاں موجود لوگوں نے فنڈریزنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شایان اور ان کے بھائی فیان نے عمران خان کے دستخط شدہ بیٹ کو 10 ہزار ڈالر میں لیا۔ نائلہ برکی نے بُندوں کا سیٹ نیلام کیا، ڈنر کے بعد وجاہت سعید خان کیساتھ سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ سجاد برکی جو اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل بنائے گئے ہیں اور ان کیساتھ عاطف خان نے سوالات کئے۔ ٹیمپورا ریسٹورنٹ کے عمدہ کھانوں سے لوگوں کی خاطر تواضع کی گئی عظمیٰ بابر نے خوبصورت نظامت کے فرائض سر انجام دیئے سجاد برکی، نجم شیخ، عاطف خان، نائلہ برکی اس پروگرام کو آرگنائز کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here