ام زہرا : خدیجہ بنتِ خویلد سلام اللہ علیھا!!!

0
6
ڈاکٹر مقصود جعفری
ڈاکٹر مقصود جعفری

نصیر وارثی صاحب کی حضرتِ خدیجہ زوجہ رسول اللہ پر کتاب کی pdf ممتاز ادبی دانشور اور محقق فیصل آباد یونیورسٹی شعب اردو کی صدر محترمہ ڈاکٹر نقوی صدف صاحبہ کی وساطت سے موصول ہوئی۔ ازواجِ رسول صلعم پر کئی کتابیں لکھی گئی ہیں لیکن اِس کتاب کا انداز ِ بیان اور طرزِ استدلال نہایت بصیرت افروز ہے ۔ اِس کتاب کے چار ابواب ہیں جو حضرت خدیجہ سلام علیھا کی زندگی کے احوال، ان کی اسلامی خدمات اور ان کی آقائے نامدار سے محِبت پر ایک تفصیلی جائزہ ہیں۔ آپ عرب کی متمول ترین خاتون تھیں،حضور صلعم سے شادی کے بعد آپ ان کے ساتھ وفاداری اور جانثاری کی تاقیامِ قیامت ایک نادر مثال ثابت ہوئیں۔ اسلام قبول کرنے کے بعد آپ کی ساری دولت تبلیغِ اسلام پر خرچ ہوئی۔ آپ کی فیاضی اور غریب پروری ضرب المثل بن گئی ۔ آپ غارِ حرا میں حضور کو باقاعدہ سامانِ خورد و نوش پہنچایا کرتی تھیں۔ آپ اور آقائے نامدار کے درمیان نہایت احترام اور محبت کا رشتہ تھا۔ آپ نے ایک مرتبہ فرمایا: دنیا کی تمام عورتوں میں بہتر چار عورتیں ہیں۔ مریم بنتِ عمران، آسیہ بنتِ مزاحم، خدیجہ بنتِ خویلد اور فاطمہ بنتِ محمد۔اِس کتاب میں حضرتِ خدیجہ سلام اللہ علیھا کی خدمات اور احوالِ زندگی پر متعدد کتابوں کے حوالہ جات سے کئی تاریخی اختلافی موضوعات پر علمی استدلال کے ساتھ روشنی ڈالی گئی ہے۔بی بی پاک سے حضور صلعم کی محبت کا یہ عالم تھا کہ آپ زندگی بھر انہیں یاد کر کے اشکبار ہو جاتے اور ان کی اسلامی خدمات کا بر ملا ذکر کرتے۔ آپ کو ان کی وفات کا بے حد صدمہ ہوا اور ان کی وفات کے سال کو عام الحزن قرار دیا۔ میری رائے میں اسلامی تاریخ کے ہر طالبِ علم اور محقق کو اِس کتاب کا مطالعہ کرنا چاہیے ۔ دین و دانش کے اس مرقع پر جناب نصیر وارثی صاحب کو مبارک ہو اور اِس علمی محنت کا اجر ذاتِ باری تعالی کی خوشنودی اور آقائے نامدار کی شفاعت نصیب ہو۔ این دعا از من و از جملہ جہان آمین !
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here