پرسکون بڑھاپا !!!

0
62
رعنا کوثر
رعنا کوثر

پرسکون بڑھاپا !!!

زندگی میں انسان تین مراحل سے گزرتا ہے بچپن ،جوانی اور بڑھاپا۔ بچپن اچھا ہو یا برا انسان اس آرزو میں گزار دیتا ہے کہ بچہ پڑھ لکھ جائے اور وقت کے ساتھ مضبوط ہاتھ پیر کا ہوجائے تو زندگی بہتر ہوسکتی ہے ایک اُمید میں زندگی گزرتی ہے کیونکہ کسی کے بھی مستقبل کا کچھ پتہ نہیں ہوتا اسی طرح بچپن گزرنے کے بعد بچہ جوان ہوتا ہے جوانی میں مسائل پریشانیاں بیماری سب کچھ اس اُمید پر انسان جھیل لیتا ہے کہ کوئی بات نہیں ہمت ہے، طاقت ہے، اچھا وقت بھی آئے گا، بچے بڑے ہوں گے تو سہارا بن جائیں گے۔ نوکری میں کبھی نہ کبھی ترقی ہوجائے گی۔ بیماری بھی ہمت کرکے گزار لیتا ہے۔ ویسے بھی جوانی بھاگ دوڑ کا دوسرا نام ہے خوش رہنا آسان ہوتا ہے۔ وقت گزارنا بھی آسان ہوتا ہے۔ اب آتا ہے بڑھاپے کا دور اس دور میں سب کچھ بدل جاتا ہے۔ بڑھاپے میں مستقبل کی امیدیں کم ہوتی ہیں ماضی میں جو کچھ کیا وہ آپ کے سامنے ہوتا ہے۔ اگر جو کمایا وہ پنشن کی صورت میں آپ کو مل رہا ہوتا ہے۔ بچے فرمانبردار ہیں یا نہیں ہیں وہ بھی آپ کے سامنے ہوتا ہے۔ بچوں کی تربیت میں کتنی محنت کی یہ بھی سود سمیت واپس آجاتا ہے۔ صحت کا کتنا خیال رکھا یہ بھی پتہ چل جاتا ہے۔ جوانی میں کھانے پینے میں بے احتیاطی کی تو بڑھاپے میں شکر کی بیماری لگ گئی۔ کولیسٹرول بڑھ گیا۔ دل کے مریض بن گئے۔ جوانی میں بے احتیاطی سے وزن اٹھایا۔ بغیر سوچے سمجھے ایک کاموں کا بوجھ اپنے اوپر لادا تو جوڑوں کا درد ہوگیا۔ ریڑھ کی ہڈی بیکار ہوگئی۔ اپنے لئے یا بچوں کے لئے سرمایہ نہیں جمع کیا تو بڑھاپے میں غربت کا ہی شکار رہے بچوں کو نافرمان بنایا تو کوئی پوچھنے والا بھی نہ رہا۔ غرض کے بڑھاپا سب سے آخری میں آتا ہے اور اُمید کی کرن ڈوبنے لگتی ہے کیا کریں کیسے تمام غلطیوں کا پردہ رکھیں۔ کیسے پلٹ کر واپس جائیں اور ہر غلطی صحیح کریں غرض کے زندگی کے تقاضے ہیں کے بڑھاپا آنے سے پہلے ہی اس کی تیاری کریں۔ بغیر تیاری کے بڑھاپے میں کچھ کرنا کیسے ممکن ہے۔ اعضاء کمزور بیماریاں پریشانیاں کس بات کی امید رکھیں اولاد اچھی ہو یا اچھی نہ ہو کوئی بھی آپ کی بے اعتدالیوں کا ازالہ نہیں کرسکتا۔ اس لئے جوانی سے ہی اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ کام کرنے سے صحت خراب نہیں ہوتی۔ غلط قسم کی عادتیں صحت خراب کرتی ہیں۔ اس میں کھانا پینا سونا اور فکرمند رہنا سب شامل ہوتا ہے۔ ان تمام چیزوں پر دھیان دینا ضروری ہوتا ہے۔ وقت کا کام وقت پر کرنا بھی شامل ہے۔ حتیٰ کے گھر شادی کرنا، بچے پیدا کرنا اور گھر بنانا بھی اس میں شامل ہے۔ ہر کام وقت پر ہوجائے تو زندگی میں برکت ہوتی ہے۔ بڑھاپا بھی پرسکون گزرتا ہے۔ پرسکون بڑھاپے کا سب سے زیادہ فائدہ یہ ہوتا ہے کے گھر یہ زیادہ سے زیادہ وقت گزار کر اس وقت کو عبادت کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس کے بعد کی منزل آخرت کی منزل ہے۔ یہی ہمارا یقین اور ایمان ہے۔
٭٭٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here