عتیق صدیقی ایک بلند پایہ کالم نگار ہیں پشاور یونیورسٹی سے انگلش لیٹریچر میں ماسٹر کیا۔نیویارک کی ادبی و صحافتی دنیا جن کے دم قدم سے روشن ہے ان میں بلا شبہ جناب عتیق صدیقی صاحب کا ایک اہم کردار ہے متعدد کتابوں کے مصنف ہیں انکی حالیہ تصنیف تقویم افغان جنگ کے پہلے دس سالوں پر انکے لکھے ہوئے کالموں کا مجموعہ ہے جو ایک ترتیب کے حساب سے ڈائری ہی سمجھیں جسے ایک مستند حوالے کے طور پر تاریخ کے آئینہ میں دیکھا جائے گا اور تحقیق کرنے والے سکالر اس سے فیض یاب ہو سکیں گے، کالم لکھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی، اس کے لیے مستقل مطالعہ اور تجزیہ کرنے کی صلاحیت درکار ہوتی ہے، صدیقی صاحب پاکستان ٹیلی ویژن پر سینئر پروڈیوسر کے عہدے پر فائز رہے، پشتو اردو ہندکو میں متعدد ڈرامے پروڈیوس کئے ،کالا ڈوپٹہ جو ابھی تک لوگوں کے حافظہ میں محفوظ ہے۔ ہمہ جہت شخصیت کے مالک اس ترقی پسند دانشور نقاد اور کالم نگار نے پشاور سے انگلش لٹریچر میں ماسٹر کرنے کے بعد نیویارک میں اپنے آپ کو صحافتی محاذ پر مزید صف بندی کے اس طرح سے آراستہ کیا کہ جب وہ انہیں جنرل ضیا کے جلالی دور میں مستقل رہنے کے لیے نیویارک آنا پڑا تو یہاں آکر انہوں نے سٹی یونیورسٹی سے جرنلزم میں ماسٹر کیا انکے بقول وہ اپنے ہمسایہ میں لگی آگ کو کیسے اگنور کر سکتے تھے ،پشاور سے جلال آباد چالیس میل اور کابل ایک سو اسی میل کے فاصلے پر ہے جب افغان وار کے اثرات پشاور کے ہر چوراہے پر بھیک مانگتے اپاہج افغانیوں کی شکل نمودار ہونے لگے تو کسمپرسی میں تڑپتے ہوئے افغانی بچوں کی ڈوبتی ہوئی آنکھوں سے کوئی حساس کالم نگار کیسے صرف نظر کر سکتا ہے لہٰذا صدیقی صاحب نے اپنی دھرتی کا قرض ادا کرنے کے لیے افغان وار کی تاریخ کو کالمی شکل میں محفوظ کر دیا ہے تاکہ ریکارڈ رہے اور بوقت ضرورت کام آئے اب جبکہ کہ صدیقی صاحب افغان وار اور افغانی کلچر پر ایک طرح سے اتھارٹی سمجھتے جاتے ہیں اور واقف حال بھی ہیں تو روداد محبت میں مزید اضافہ کیا جانا از حد ضروری ہے ،اُمید ہے کہ وہ اپنے اس ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور نہ صرف اب تک کی افغان وار بارے اسی جوش و جذبے سے تاریخ رقم کریں جیسے تقویم میں صفحہ قرطاس پر منقش کی ہے بلکہ اس جنگ سے وہاں اور ہمسایہ ممالک کی بود باش تہذیب و تمدن پر پڑنے والے اثرات کا بھی احاطہ فرمائیں گے کہ یہ انکا خاصہ ہے۔ تقویم کی شاندار تقریب رونمائی کاروان فکر وفن شمالی امریکہ اور خیبر سوسائیٹی نیویارک نے مشترکہ طور پر لانگ آئی لینڈ میں منعقد فرمائی جس میں نیویارک اور نیو جرسی سے بھرپور شرکت بھی ہوئی۔ محترم عتیق صدیقی صاحب کو انکی کتاب کی رونمائی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد۔
٭٭٭